ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بولیار معاملے میں معصوم لوگوں کی گرفتاری کے خلاف ایس ڈی پی آئی کا احتجاج

بولیار معاملے میں معصوم لوگوں کی گرفتاری کے خلاف ایس ڈی پی آئی کا احتجاج

Wed, 26 Jun 2024 12:47:45    S.O. News Service

منگلورو ، 26 / جون (ایس او نیوز) بولیار میں ہوئے تصادم کے پس منظر میں منگلورو سٹی پولیس کی طرف سے معصوم لوگوں کی گرفتاری کے خلا ف سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کی کارکنان نے کوناجے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
    
ایس ڈی پی آئی کے ضلع صدر انور سادات نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بولیار واقعہ کے نام پر پولیس والے دہشت کا ماحول پیدا کر رہے ہیں اور مسلمانوں کے گھروں میں گھس کر انہوں نے تقریباً 15 افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ لیکن اس واقعے کے لئے ذمہ دار سنگھ پریوار کے کسی ایک کارکن کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ پولیس والوں کو چاہیے کہ سنگھ پریوار کارکنوں کی دھمکیوں کے آگے جھکے بغیر پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے اور انصاف دلانے کا کام کرنا چاہیے  ۔ بصورت دیگر آنے والے دنوں میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔
    
ایس ڈی پی آئی کے ریاستی لیڈر عطا ء اللہ جوکٹے نے کہا کہ بولیار معاملے میں پولیس کی طرف سے جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لئے ریاستی حکومت ہی ذمہ دار ہے ۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی کمیٹی کے رکن ریاض کڈمبو اور مصریہ کنور نے بھی خطاب کیا ۔
    
تیز بارش کی پروا کیے بغیر ایس ڈی پی آئی کے کارکنان نے اپنا احتجاج جاری رکھا اور مطالبہ کیا کہ سٹی پولیس کمشنر موقع پر پہنچ کر ان کی بات سنیں ۔ اس کے بعد اسسٹنٹ پولیس کمشنر (جنوب) دھنیا این نائیک نے موقع پر پہنچ کر میمورنڈم قبول کیا تو مظاہر ہ ختم کیا گیا ۔  


Share: